اسلام آباد: وفاقی ادارہ برائے شماریات کا کہنا ہے کہ مالی سال 20-2019 کے دوران تجارتی خسارے میں کمی دیکھی گئی، گزشتہ سال تجارتی خسارہ 23 ارب ڈالر رہا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ برائے شماریات نے مالی سال 20-2019 کے تجارتی اعداد و شمار جاری کردیے، گزشتہ مالی سال کے دوران تجارتی خسارہ 23 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کے 31 ارب ڈالر کے تجارتی خسارے کے مقابلے میں سالی 20-2019 میں خسارے میں 10 ارب ڈالر کی کمی ہوئی۔
جولائی 2019 سے جون 2020 کے دوران تجارتی خسارے میں 27.11 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، اس عرصے کے دوران تجارتی خسارہ 23 ارب 18 کروڑ ڈالر رہ گیا۔
جولائی 2019 سے جون 2020 کے دوران برآمدات میں 6.84 فیصد کی کمی ہوئی اور 21 ارب 38 کروڑ ڈالر کی برآمدات ہوئیں۔
درآمدات میں 18.61 فیصد کی کمی ہوئی اور 44 ارب 57 کروڑ ڈالر کی برآمدات ہوئیں۔ گزشتہ سالے کے مقابلے میں درآمدات میں 10 ارب 20 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی۔
خیال رہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے ملکی برآمدات اور درآمدات پر گہرے منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں، رواں برس مارچ میں برآمدات میں 15.36 فیصد کی نمایاں کمی رونما ہوئی۔
مارچ 2020 میں برآمدات 2.14 ارب ڈالر سے کم ہو کر 1.80 ارب ڈالر رہ گئی۔
اسی طرح مارچ میں درآمدات میں فروری کے مقابلے 21 فیصد کمی ہوئی اور درآمدات 4.18 ارب ڈالر سے کم ہو کر 3.29 ارب ڈالر رہ گئی۔