اسلام آباد : اب پاکستان میں اب 7ممالک سے کم ڈیوٹی پر اشیاء درآمد کی جاسکیں گی جس کے بعد اس بات کا قوی امکان ہے کہ درآمدی اشیاء کی قیمتیں کم ہوجائیں گی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈی ایٹ ممالک سے تجارت کے پیش نظر درآمدی اشیاء کی قیمتیں کم ہونے کا امکان ہے۔
اس حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ترجمان نے کہا ہے کہ درآمدی سامان میں کھانے پینے اور روز مرہ کے استعمال کی اشیاء شامل ہیں۔
ترجیحی تجارتی معاہدے (پریفرینشل ٹریڈ ایگریمنٹ) کے تحت 8 ممالک سے مختلف درآمدی ٹیرف لائن پر کسٹمز ڈیوٹی میں رعایت دیدی گئی ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے 8ممالک سے درآمدی ٹیرف لائن پر کسٹمز ڈیوٹی میں رعایت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں 7ملکوں سے کم ڈیوٹی پر اشیاء درآمد کی جاسکیں گی، درآمدی اشیاء پر کم امپورٹ ڈیوٹی کے فیصلے سے مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کا امکان ہے۔
نوٹیئفکیشن میں بنگلہ دیش، مصر، انڈونیشیا، ایران، ملائیشیا، نائیجیریا اور ترکی کیلئے کسٹمز ڈیوٹی پر ترجیحی تجارتی معاہدے پر (پریفرینشل ٹریڈ ایگریمنٹ) کے تحت رعایت دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایف بی آر ان ملکوں سے اشیاء کی درآمد پر ڈیوٹی میں مرحلہ وار کمی کرے گا، 2026میں درآمدی آئٹمز پر کسٹمز ڈیوٹی کم ہوکر12.50سے20فیصد تک ہو جائے گی۔
سال 2027میں درآمدی سامان پر کسٹمز ڈیوٹی 11.25سے17.50فیصد تک ہوگی، 2028میں درآمدی اشیاء پر کسٹمز ڈیوٹی 10 سے 15 فیصد تک ہوگی۔
واضح رہے کہ ڈی ایٹ تنظیم8 رکن ممالک پر مشتمل ہے جس میں پاکستان، انڈونیشیا، ایران، بنگلہ دیش، ترکیہ، مصر، ملائشیا اور نائیجیریا شامل ہیں۔
اس تنظیم کا بنیادی مقصد ترقی پذیر ممالک کو عالمی اقتصادیات میں نمایاں مقام دلانا ،تجارتی تعلقات کو بہتر بنانا اور بہتر معیارِ زندگی فراہم کرنا ہے۔ رکن ممالک کے درمیان تعاون مرکزی شعبے مالیات، بینکاری، زراعت، توانائی، دیہی ترقی، سائنس، ٹیکنالوجی، انسانی ترقی، ماحولیات اور صحت ہیں۔