کراچی: مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ اجتماع سے کروناوائرس پھیلتا ہے تو یکساں لاک ڈاؤن کیا جائے، تاجر رٹ چیلنج نہیں کرنا چاہتے حکومت ذمہ داری پوری کرے۔
تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کا کہنا تھا کہ کروناوائرس معاملے پر وفاق اور صوبائی حکومتوں میں رسہ کشی جاری ہے، تاجر برادری اس وقت بھی خیبر سے کراچی تک یکجا ہے، تمام کاروباری مراکز کو رمضان کے دوران کھولنے کی اجازت دی جائے۔
کاشف چوہدری نے کہا کہ تاجروں نے مشکل حالات میں قومی ذمہ داری پوری کی، مشکل حالات میں بھی حکمران قومی پالیسی وضع نہیں کرسکے، چین کی مثالیں دی جاتی ہیں مگر یہاں عمل درآمد نہیں کیا جاتا۔
انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت چاروں صوبوں کے ساتھ مل کر واضح پالیسی کا اعلان کرے، تمام کاروباری مراکز کو رمضان کے دوران کھولنے کی اجازت دی جائے، وزیراعظم مشکل حالات میں تمام اسٹیک ہولڈرز سے مذاکرات کریں، تاجر رٹ چیلنج نہیں کرنا چاہتے حکومت بھی ذمہ داری پوری کرے۔
صدر آل سٹی تاجر اتحاد اور صوبائی وزیر سعید غنی آمنے سامنے
خیال رہے کہ شہر قائد کے تاجروں اور حکومت سندھ کے درمیان لاک ڈاؤن کے دوران دکانیں کھولنے کے معاملے پر تنازعہ حل نہیں ہو سکا ہے آل سٹی تاجر اتحاد کے صدر شرجیل گوپلانی نے شکوہ کیا کہ دکانوں کھولنے سے متعلق سندھ حکومت کے ساتھ ایس او پی طے ہو گئے تھے، وزیر اعلیٰ سندھ سے بھی بات ہو گئی تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اطلاع ملی وزیر اعلیٰ سندھ ایس او پی وزیر اعظم کو بھجوا رہے ہیں، اور ہم سے 48 گھنٹے کے انتظار کا کہا گیا جو ہم نے کیا لیکن یہ انتظار ختم نہ ہو سکا۔