کراچی: شہر قائد کے علاقے صفورا چورنگی کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک اور شہری کی قیمتی جان تلف ہو گئی، پولیس نے کار ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق صفورا چورنگی کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا ہے، حادثہ ملیر کینٹ کے قریب سڑک پر رات گئے پیش آیا تھا، جس پر متوفی وسیم کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
سچل پولیس نے حادثے کے ذمہ دار کار ڈرائیور کو بھی گرفتار کر لیا ہے، ملزم عبدالرافع کو سچل تھانے منتقل کر دیا گیا، جس کی کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل مکمل طور پر تباہ ہو گئی، اس حادثے کے نتیجے میں کار کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
متوفی کے بھائی نے ایف آئی آر میں لکھوایا کہ اس کے بھائی کی موٹر سائیکل کو کار سوار نے ٹکر ماری، جس سے بھائی شدید زخمی ہوا، اور پھر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گیا۔
مدعی کے مطابق کار سوار عبدالرافع غفلت اور لاپرواہی سے تیز کار چلا رہا تھا، جس کے باعث جان لیوا حادثہ پیش آیا، اس لیے گرفتار ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
ویڈیو: پولیس مقابلے کے بعد بدمست اہلکاروں کا ایمبولنسوں کے ہمراہ ’’فتح‘‘ کا جلوس، شدید ہوائی فائرنگ
واضح رہے کہ کراچی میں ٹینکرز، ڈمپرز اور دیگر گاڑیوں کی غفلت کے باعث ٹریفک حادثات تشویش ناک حد تک بڑھ گئے ہیں، جس میں قیمتی انسانی جانیں تلف ہو رہی ہیں، جن کی روک تھام کے لیے انتظامیہ بھی متحرک ہو گئی ہے۔