تازہ ترین

ابو ظہبی میں سب سے زیادہ ٹریفک حادثے کس دن ہوتے ہیں؟

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کی ٹریفک سروس کی سینئر اہلکار نے متنبہ کیا ہے کہ ابوظہبی میں سب سے زیادہ ٹریفک حادثے جمعرات کے روز ہوتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ابو ظہبی سٹی کی شہری حکومت کی ٹریفک سروس میں بطور انجینئر اپنے فرائض انجام دینے والی شمسا المحرمی نامی سینئر اہلکار کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز ویک اینڈ کے سبب جمعرات کو ہر شخص جلد از جلد اپنی منزل تک پہنچنا چاہتا ہے اور یہی جلدی ہفتے کے اس مخصوص دن میں حادثوں کی شرح میں اضافے کا سبب بنتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جمعرات کو ہونے والے ٹریفک حادثوں کا تناسب عام دنوں سے 15 فیصد زیادہ ہوتا ہے اور ان میں سے بھی زیادہ تر حادثے ٹریفک کے مصروف ترین اوقات میں ہوتے ہیں جن میں شام کا وقت بالخصوص شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حادثوں کا ایک سبب یہ بھی ہے کہ امارات کی دیگر ریاستوں میں رہنے والے شہری جو کہ ابو ظہبی میں نوکری کرتے ہیں ، ویک اینڈ پر اپنے اپنے گھروں کا رخ کرتے ہیں جس کے سبب نہ صرف یہ کہ مرکزی شاہراؤں پر دباؤ بڑھ جاتا ہے بلکہ جلدی اور بے احتیاطی کی بنا پر حادثوں کی شرح بھی بڑھ جاتی ہے۔

یاد رہے کہ ٹریفک حادثوں کی روک تھا م اور اسکول کے بچوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے متحدہ عرب امارات کے حکام نےچند ماہ قبل اسکول بسوں پر بھی سی سی ٹی وی کیمرے لگانا شروع کردیے تھے ، منصوبے سے 11 ہزار بچوں کے تحفظ میں مدد ملے گی۔

دوسری جانب ابوظہبی کی حکومت نے امارات کی ریاستوں میں میسر مقررہ حد رفتار سے بیس کلومیٹر فی گھنٹہ تجاوز کرنے کی سہولت بھی ختم کرتے ہوئے حدِ رفتار سے ذرا سا بھی تجاوز کرنے پرجرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ بھی کچھ عرصہ قبل ہی لیا تھا۔

Comments

- Advertisement -