کراچی: مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) نے اسلام آباد، کراچی سمیت تمام جگہوں سے دھرنے ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ جس کے بعد کراچی میں بھی مختلف مقامات پر بند سڑکوں کو کھول دیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ نماش چورنگی پر9 دن سے بند سڑک کھول دی گئی، اس کے علاوہ صدر سے گرومندر آنے جانے والے دونوں ٹریک کھل گئے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا، س کے علاوہ کامران چورنگی سے موسمیات آنے والا روڈ بھی ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے۔
واٹرپمپ سے انچولی جانے والا روڈ ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا جبکہ سہراب گوٹھ سے واٹر پمپ جانے والا روڈ بھی ٹریفک کیلئے کھلا ہوا ہے۔
گزشتہ رات ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرم دھرنے کے شرکا نے کہا ہے کہ تمام دھرنے ختم کیے جائیں، کرم سے متعلق فریقین کے معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں جاری دھرنے ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے سب پرامن طریقے سے گھروں کو واپس چلے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ درخواست کرتے ہیں کہ معاہدے پر فوری عملدرآمد شروع کیا جائے، معاہدے پر عملدرآمد اب حکومت کی ذمہ داری ہے۔
کرم گرینڈ جرگہ امن معاہدے میں کیا لکھا گیا؟ اہم مندرجات سامنے آگئے
راجہ ناصر عباس نے کہا کہ چاہتے ہیں حکومت معاہدے پر عملدرآمد کے لیے فوری اقدامات کرے، کرم دھرنے کے شرکا اس وقت اٹھیں گے جب قافلہ وہاں پہنچ جائے گا۔