کراچی: رمضان میں ٹریفک جام سے بچنے کے لیے لیاری ایکسپریس وے کو الٹی جانب رواں رکھا جائے گا اور ٹریفک ماڑی پور سے سہراب گوٹھ تک چلے گا۔
تفصیلات کے مطابق رمضان کے مہینے میں شہریوں کو ٹریفک جام کی کوفت سے بچانے اور افطار کے وقت گھر پہنچنے کے لیے شہر بھر کے لیے ٹریفک پلان مرتب کردیا گیا ہے۔
کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق رمضان کے ماہ میں دوپہر 2 بجے سے رات 8 بجے تک لیاری ایکسپریس کو الٹی جانب چلایا جائے گا یعنی لیاری ایکسپریس وے ماڑی پور سے سہراب گوٹھ کے لیے کھلی رہے گی۔
ترجمان کراچی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ یکم رمضان سے سہ پہر ساڑھے 3 سے سہراب گوٹھ ٹول بند ہو گا تاہم
لیاری ایکسپریس وے میں ماڑی پور سے گارڈن، لیاقت آباد اور حسن اسکوائر پہنچایا جاسکے گا اسی طرح شہری لیاری ایکسپریس وے سے گلشن اقبال اور سہراب گوٹھ جاسکیں گے جب کہ گارڈن انٹر چینج سے لیاقت آباد، حسن اسکوائر اور گلشن اقبال تک پہنچا جاسکے گا۔
ترجمان کراچی پولیس نے مزید کہا کہ لیاری ایکسپریس وے پر موٹرسائیکل، رکشہ اور مال بردارگاڑیوں اور ہیوی ٹریفک کا داخلے پر پابندی عائد ہوگی اوراس سہولت سے شہری یکم رمضان سے چاند رات تک مستفید ہوسکیں گے۔
کراچی ٹریفک پولیس کے 500 اہلکار ٹاور سے قائد آباد، عید گاہ چوک سے سہراب گوٹھ، گرومندر سے پاور ہاؤس چورنگی، سیمنس چورنگی سے مواچھ گوٹھ اور گارڈن چوک سے حبیب بینک چورنگی تک تعینات ہوں گے۔
اس کے علاوہ 1300 پولیس کانسٹبل اور 600 سٹی وارڈن بھی ماہ رمضان میں کراچی کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے فرائض انجام دیں گے۔
دوسری جانب تراویح کے اجتماعات کے دوران ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے بھی خصوصی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے۔