کراچی : گارڈن میں ٹریفک پولیس نے پولیس موبائل کا بھی چالان کردیا، موبائل رانگ وے پر آرہی تھی، مہم کے دوران197 ڈرائیوروں کا چالان کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ون وے اور رانگ وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف ٹریفک پولیس کی جانب سے خصوصی مہم چلائی جارہی ہے، اس سلسلے میں ٹریفک پولیس نے فرض شناسی کی مثال قائم کرتے ہوئے اپنے پپٹی بند بھائیوں کو بھی نہ بخشا۔
گارڈن کے علاقے میں ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں نے غلط راستے سے آنے والی پولیس موبائل کا چالان کردیا، اے آر وائی نیوز کے نمائندے سلمان لودھی کے مطابق کراچی میں ٹریفک جام کی سب سے بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ اکثر شہری ون وے اور رانگ وے کی خلاف ورزی کرتے ہیں، جس کے باعث اہم چوراہوں اور سڑکوں پر گاڑیاں پھنس جاتی ہیں۔
گارڈن میں بھی یہی ہوا، قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس وقت ڈرائیور کے پاس نہ شناختی کارڈ تھا اور نہ ہی سروس کارڈ اور نہ ہی وہ رودی میں ملبوس تھا، مذکورہ پولیس موبائل سرکاری افسر کے پروٹوکول میں شامل ہے۔
اہلکاروں نے ڈرائیور سے پوچھ گچھ کے بعد اس کا 520روپے کا چالان کیا، اس حوالے سے ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آج ون وے اور رانگ وے کیخلاف مہم کے دوران197ڈرائیوروں کو گرفتار اور چالان کیا گیا۔