کراچی: قانون کا محافظ ٹریفک اہلکار کراچی پولیس کا انتہائی مطلوب ڈکیت نکلا، ملزم پولیس اہلکار اپنے دو شریک جرم بھائیوں کے ساتھ گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سکھن کے قریب پولیس مقابلے میں حاضر سروس ٹریفک اہلکار گرفتار کرلیا گیا، ٹریفک پولیس اہلکار تقدس علی کو سرکاری پستول سمیت گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقابلے کے دوران تقدس علی کے 2 سگے بھائی بھی گرفتار کرلیے گئے۔ 3 رکنی ملزمان کا گروہ ڈکیتی اور جرائم کی سنگین وارداتوں میں ملوث تھا۔
سینیئر سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کا حاضر سروس اہلکار سرکاری پستول کی نوک پر ڈکیتیاں کرتا تھا، تقدس علی نے دوران تفتیش ساتھیوں کے ہمراہ متعدد وارداتوں کا اعتراف بھی کیا۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق ملزم تقدس علی ٹریفک سیکشن ماڈل کالونی میں بطور نائٹ منشی تعینات ہے، ملزم کا بکل نمبر 36466 ہے، گرفتار ملزمان سے سرکاری پستول سمیت 3 پستول اور چھینے گئے موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے۔
ایس ایس پی ملیر نے بتایا کہ ملزم بابر ایک ماہ قبل ہی جیل سے رہا ہو کر آیا تھا، ملزم نے جمشید کوراٹر اور فیروز آباد سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں وارداتوں کا اعتراف کیا۔
ملزمان کے خلاف پولیس پر فائرنگ اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے جبکہ ملزمان سے برآمد اسلحے کو فارنزک لیب روانہ کیا جا رہا ہے۔
ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ عوام الناس سے اپیل ہے اگر ان ملزمان کو کسی واردات کے حوالے سے شناخت کرسکیں تو سکھن تھانے سے رابطہ کریں۔