استنبول: ترکی کے دارالحکومت میں فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔
ڈیلی صباح نیوز کی رپورٹ کے مطابق یورپین حصے میں شامل ہونے والے استنبول کے علاقے Büyükçekmece میں جمعرات کے روز طیارہ تباہ ہونے کا واقعہ پیش آیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حادثے میں پائلٹ محفوظ رہا کیونکہ وہ جہاز گرنے سے قبل ہی نکلنے میں کامیاب ہوگیا تھا ، نوجوان پائلٹ کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
فضائیہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ جہاز میں پرواز کے دوران خرابی ہوئی جس کے بعد وہ سیدھا زمین کی طرف آنے لگا، جہاز کو ہیزارفان کے ایئرپورٹ پر اتارنے کی کوشش کی گئی تھی مگر پائلٹ کو کامیابی نہیں مل سکی، تباہ ہونے والا جہاز فلائٹ اسکول کے زیر استعمال تھا۔
استنبول کے گورنر نے طیارہ تباہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ ’جہاز ایک طالب علم اڑا رہا تھا، اُس کو اگر تجربہ ہوتا تو شاید لینڈنگ میں کامیاب ہوجاتا کیونکہ انجن میں خرابی کے باوجود جہاز دس منٹ تک ہوا میں اڑ رہا تھا‘۔ ترک فضائیہ اور فلائٹ اسکول کی انتظامیہ نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔