سہ فریقی سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقا کی جانب سے دیا گیا 305 رنز کا ہدف نیوزی لینڈ نے باآسانی 48.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
کین ولیمسن نے 113 گیندوں پر 133 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے۔
ڈیون کانوے 97 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، گلین فلپس 28 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، ول یونگ 19 اور ڈیرل مچل 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے سینورن نے دو، جونیئر ڈیلا اور ایٹن بوش نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جنوبی افریقا نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنائے تھے۔
جنوبی افریقا کے بیٹر میتھیو بریٹز نے ڈیبیو پر سنچری اسکور کی، انہوں نے 150رنز کی اننگز کھیلی، میتھیو بریٹز کے ڈیبیو پر 150رنز بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ویان ملڈر نے 64 اور جیسن اسمتھ نے 41 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری اور ول او رورکی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
نیوزی لینڈ نے پاکستان کو بھی پہلے ون ڈے میچ میں شکست دی تھی، پاکستان کو سہ فریقی سیریز کا فائنل کھیلنے کے لیے جنوبی افریقا کو ہرانا ہوگا۔