راولپنڈی: پاک فوج کی جانب سے بہاولپور گیریژن میں ٹرائیتھلون مقابلے 2020 منعقد کئے گئے، مقابلوں کا مقصد بہاولپور میں تفریحی وصحت مند سرگرمیاں بحال کرنا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ٹرائیتھلون مقابلے بہاولپور کور کی سرپرستی میں منعقد کیے گئے، ٹرائیتھلون 2020مقابلوں میں تین ایونٹس رکھے گئے تھے، جن میں 300میٹر تیراکی، 20کلومیٹرسائیکلنگ اور 10 کلو میٹر کی دوڑ شامل تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مقابلوں میں تین سو سے زائد یونیورسٹیز، کالجز اور مدارس کے طلبہ نے حصہ لیا، اس کے علاوہ مقابلوں میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں: مختلف ممالک کے سفیروں اور دفاعی اتاشیوں کا ایل او سی کا دورہ
اوپن کیٹیگری میں ساہیوال کے طالب علم سہیل عامر نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ بہاولپور کے شہباز احمد، ساہیول کےعامر عباس دوسرےاور تیسرےنمبرپر رہے، کور کمانڈر بہاولپور نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نوجوانوں نے کھیلوں کی سر گرمیوں پر زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا، نوجوانوں نے کھیلوں کی سرگرمیوں کو علاقے کے لئے مثبت پیش رفت قرار دیا، مقابلوں کااہم مقصد بہاولپور میں تفریحی وصحت مند سرگرمیاں بحال کرنا ہے۔