بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما سابق ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ کے کوچنگ چھوڑنے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ میں آئرلینڈ کے خلاف پہلے میچ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ذاتی طور پر کوشش کی کہ راہول ڈریوڈ بھارتی ٹیم کے لیے کوچنگ جاری رکھیں، میں انہیں جاتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتا لیکن ان کی اپنی ذاتی ترجیحات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب میں پہلی مرتبہ بھارتی ٹیم میں آیا تو راہول ڈریوڈ کپتان تھے، ہم نے انہیں کھیلتے ہوئے دیکھا ہے وہ ہم سب کے لیے ایک رول ماڈل ہیں۔
روہت شرما نے کہا کہ ڈریوڈ نے بھارتی ٹیم کے لیے بہت طویل عرصے تک کھیلا ہے، میں نے راہول ڈریوڈ کو اس وقت بھی دیکھا جب وہ بھارتی ٹیم کے کوچ بن کر آئے، ہم نے ان کے ساتھ تقریباً تمام بڑے ٹورنامنٹس جیتے ہیں، وہ پہلے شخص تھے جنہوں نے کہا کہ یہ ہے تو ہم نے کرنا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ گوتم گھمبیر بھارتی ٹیم کی ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔
یاد رہے کہ بھارتی ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ میں آج اپنا پہلا میچ آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گی جبکہ 9 جون کو پاک بھارت ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔