خیر پور : قومی شاہراہ پر کوئلے سے بھرا ٹرک مخلاف سمت سے آتی مسافر وین پر الٹ گیا جس کے نتیجے میں 20 مسافر جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ٹھیری بائی پاس کے قریب نیشنل ہائی وے پر کوئلے سے بھرا ٹرک وین پر الٹ گیا حادثہ اتنا خطرناک تھا کہ ٹرک تلے دبے افراد میں سے اکثر موقع پر ہی دم توڑ گئے.
ریسکیو ادارے نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے ٹرک تلے دبے افراد کو باہر نکالا اور قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں 20 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی جب کہ 11 زخمیوں میں سے تین کی حالت نہایت تشویشناک ہے.
پولیس کا کہنا ہے کہ اولین ترجیح امدادی کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے اس لیے ابھی تحقیقات ابتدائی مراحل ہے چنانچہ حادثے کی وجوہات کا تعین اور ذمہ داروں کی گرفتاری کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا.
تاہم عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بدقسمت مسافر وین رانی پور سے سکھر جا رہی تھی کہ حادثے کا شکار ہوگئی اور غالب امکان ہے کہ حادثہ دھند کی وجہ سے پیش آیا۔