واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی سابق سیاسی حریف کاملا ہیرس کے شوہر ڈگ ایمہوف کو ہولو کاسٹ میموریل کونسل بورڈ سے برطرف کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے متعدد افراد کو امریکی ہولو کاسٹ میموریل کونسل سے برطرف کر دیا ہے جنہیں سابق صدر جو بائیڈن نے مقرر کیا تھا، ان افراد میں ڈگ ایمہوف بھی شامل ہیں جو سابق امریکی نائب صدر کاملا ہیرس کے شوہر ہیں۔
کاملا ہیرس کے یہودی شوہر ایمہوف نے گزشتہ روز اپنی برطرفی کی تصدیق کرتے ہوئے سوشل میڈیا پیغام میں بتایا کہ میں واضح کردوں کہ ہولو کاسٹ کی یاد اور تعلیم پر کبھی بھی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ کے ایک بدترین مظالم کو تقسیم پیدا کرنے والے مسئلے میں تبدیل کرنا نہ صرف خطرناک عمل ہے بلکہ ان چھ ملین یہودیوں کی یاد کی بھی توہین ہے جنہیں نازیوں نے قتل کیا اور جن کی یاد کو قائم رکھنے کے لیے یہ میوزیم قائم کیا گیا تھا۔
اپنے پیغام میں ایمہوف نے مزید کہا کہ میں نفرت کے خلاف بولتا رہوں گا، سکھاتا رہوں گا اور لڑتا رہوں گا کیونکہ خاموشی کوئی آپشن نہیں ہوتی، کوئی بھی متنازعہ سیاسی فیصلہ میرے عزم کو نہیں ہلا سکتا۔
علاوہ ازیں نیویارک ٹائمز کے مطابق وائٹ ہاؤس کے صدارتی عملے کے دفتر نے منگل کو کونسل کے اراکین کو ایک ای میل بھیجی جس میں لکھا تھا کہ (صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے) آپ کو یہ اطلاع دی جاتی ہے کہ امریکا کی ہولو کاسٹ میموریل کونسل کے رکن کی حیثیت سے آپ کا عہدہ فوری طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ مذکورہ کونسل 1980 میں کانگریس نے ہولو کاسٹ کی یاد میں ملک کی قیادت کے لیے قائم کی تھی اور 1993میں ہولوکاسٹ میموریل میوزیم کا آغاز کیا تھا۔