واشنگٹن: امریکی سینیٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد کردہ سیکریٹری دفاع پیٹ ہیگستھ کو ’بھون‘ کر رکھ دیا، عالمی میڈیا نے لکھا کہ سینیٹرز نے اپنے سوالات سے انھیں ’گِرل‘ کر دیا۔
نیشنل گارڈ کے افسر اور فاکس نیوز کے سابق میزبان پیٹ ہیگستھ اب تک کی سب سے متنازعہ شخصیات میں سے ایک ہیں جنھیں سیکریٹری دفاع کے لیے نامزد کیا گیا ہے، اور ان کی تصدیق کے لیے کسی ووٹ کا ملنا مشکل نظر آ رہا ہے۔
نو متخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزدہ کردہ سیکریٹری دفاع کو سینیٹ میں ڈیموکریٹس کے سخت سوالوں کا سامنا کرنا پڑا ہے، سینیٹرز نے پیٹ ہیگستھ کو نااہل بھی قرار دیا، 4 گھنٹے تک جاری سماعت میں پیٹ ہیگستھ کو تمام مسلمانوں کو قتل کرنے سے متلعق متنازعہ بیان یاد دلایا گیا۔
سینیٹرز کی جانب سے خاتون پر جنسی حملے اور پھر رقم دے کر عدالت سے باہر سمجھوتا کرنے، فوج میں خواتین کے کردار کی مخالفت کرنے پر پیٹ ہیگستھ پر تند و تیز سوالات کی بوچھاڑ کی گئی، نامزد سیکریٹری دفاع کو شراب نوشی کی لت میں مبتلا بھی قرار دیا گیا۔
دوسری طرف ریپبلیکن سینیٹرز کی جانب سے پیٹ ہیگستھ کی تعریف کی گئی، نامزد وزیر دفاع کی توثیق کے لیے ووٹنگ اگلے ہفتے ہونے کا امکان ہے، انھوں نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا ہے کہ وہ پینٹاگون میں ایک ’جنگجو کلچر‘ لائیں گے اور ’تبدیلی کا ایجنٹ‘ بنیں گے۔
انھوں نے چار گھنٹوں تک سخت سوالات کا اچھے سے سامنا کیا اور کوئی بڑی گڑبڑ نہیں، پیٹ ہیگستھ نے اپنے اوپر لگنے والے الزامات بھی رد کر دیے۔ ان کے طرز عمل کی وجہ سے سماعت کے دوران انھیں ریپبلکنز کی حمایت حاصل ہوئی، یہاں تک کہ پارٹی میں اثر و رسوخ رکھنے والی سینیٹر جونی ارنسٹ کی تنقیدی حمایت بھی حاصل کی۔