واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر قانونی تارکین وطن کے معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے شمالی امریکا کے آزاد تجارت کے معاہدے ’نافٹا‘ کو بھی ختم کرنے کا عندیہ دے دیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر اپنے پیغام میں کیا، ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ میکسیکو کے ساتھ امریکی سرحد پر سیکیورٹی اور نگرانی انتظامات ناکافی ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کے امیگریشن سے متعلق، احمقانہ نرم قوانین کا فائدہ اٹھایا جارہا ہے، جس کی وجہ سے بارڈ پیٹرول ایجنٹس اپنا کردار صحیح طریقے سے انجام نہیں دے پارہے۔
Mexico is making a fortune on NAFTA…They have very strong border laws – ours are pathetic. With all of the money they make from the U.S., hopefully they will stop people from coming through their country and into ours, at least until Congress changes our immigration laws!
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) April 2, 2018
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر نے امیگرنٹس کا ڈاکا معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ میکسیکو کے ساتھ امریکی سرحد خطرناک ہوتی جارہی ہے۔
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ایسے افراد جو بچپن سے امریکا میں مقیم ہیں اور اپنے والدین کے ساتھ امریکا آئے تھے اب انہیں رہائش اور شہریت کی قانونی حیثیت دئیے جانے کا کوئی معاہدہ نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ ڈاکا پروگرام سابق امریکی صدر بارک اوباما کے دور میں 2012 میں وضع کیا گیا تھا اور موجودہ صدر ٹرمپ نے گزشتہ موسم خزاں میں بھی اسے منسوخ کرنے کی کوشش کی تھی۔