اتوار, مارچ 16, 2025
اشتہار

روس یوکرین جنگ کا 24 گھنٹے میں خاتمہ؛ ٹرمپ نے اپنے بیان پر یوٹرن لے لیا

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کو 24 گھنٹے میں ختم کروانے کے اپنے بیان پر یوٹرن لے لیا۔

خبر رساں ادارے اے پی کی رپورٹ کے مطابق انٹرویو کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ سے روس یوکرین جنگ ختم کروانے کے ان کے دعوے کے بارے میں پوچھا گیا جو انہوں نے انتخابی مہم کے دوران بار بار کیا تھا۔

انٹرویو کل بروز اتوار نشر کیا جائے گا جس کا مختصر کلپ ریلیز کیا گیا ہے۔ اس میں امریکی صدر کہہ رہے ہیں کہ روس یوکرین جنگ 24 گھنٹے میں ختم کروانے کا بیان میرا تھوڑا طنزیہ تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’یوکرینی فوجیوں کی جان بخش دیں‘: ٹرمپ کی پیوٹن سے درخواست

انہوں نے بتایا کہ میرا مطلب یہ ہے میں جلد اس معاملے کو حل کرنا چاہوں گا، مجھے لگتا ہے میں اس میں کامیاب ہو جاؤں گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مئی 2023 میں سی این این ٹاؤن ہال میں کہا تھا کہ روسی اور یوکرینی مر رہے ہیں، میں چاہتا ہوں کہ وہ نہ مریں اور میں یہ 24 گھنٹے میں کر لوں گا۔

سابق امریکی نائب صدر کملا ہیرس کے ساتھ مباحثے میں انہوں نے کہا تھا کہ یہ ایک جنگ ہے جسے ختم ہونا ہے، میں صدر بننے سے قبل ہی اسے ختم کرواؤں گا، جب میں صدر منتخب ہوں گا تو ایک فریق سے بات کروں گا پھر دوسرے سے، میں انہیں اکٹھا کروں گا۔

امریکی صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹ کوف رواں ہفتے روس میں امریکا کی طرف سے تجویز کردہ جنگ بندی پر بات چیت کیلیے موجود تھے جسے یوکرین قبول کر چکا ہے۔

اسی انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ سے یہ بھی پوچھا گیا کہ اگر پیوٹن جنگ بندی پر رضامند نہیں ہوتے تو کیا منصوبہ ہوگا؟ امریکی صدر نے جواب دیا کہ پھر اس دنیا کیلیے بری خبر ہے کیونکہ بہت سے لوگ مر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لیکن مجھے لگتا ہے وہ راضی ہو جائیں گے کیونکہ میں انہیں اچھی طرح جانتا ہوں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں