امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایلون مسک پینٹاگون کے آڈٹ کے دوران اربوں ڈالر کی دھوکہ دہی اور بے ضابطگیوں کا پتہ لگا لیں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فاکس نیوز کے بریٹ بائر کے ساتھ ایک سپر باؤل انٹرویو میں کہا کہ ہے ایلون مسک مالی بے ضابطگیون کو ڈھنڈنے کے ماہر ہیں، ایلون مسک اور ڈوج وزارتِ دفاع اور تعلیم کے اخراجات پر تحقیقات کریں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ میں مسک کو بہت جلد، شاید 24 گھنٹوں کے اندر، کہنے والا ہوں کہ وہ محکمہ تعلیم کی جانچ کریں پھر فوج کی باری آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم امریکا کے سب سے بڑے وفاقی محکمے پینٹاگون میں اربوں، کروڑوں ڈالر کے فراڈ اور غلط استعمال کا پتہ لگانے جا رہے ہیں، پینٹاگون کا بجٹ سالانہ 1 ٹریلین ڈالر کے قریب پہنچ رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی عدالت نے ایلون مسک کی ٹیم کو حکومتی نظام تک رسائی سے روک دیا تھا، امریکی عدالت کے جج پال انگلیمئیر نے ایلون مسک کی ٹیم کو حکومتی نظام تک رسائی سے روک دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جج نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ حکومتی نظام تک رسائی سے کھربوں ڈالر کی ادائیگی کرنے والے حساس معلومات افشا ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریب سمجھے جانے والے ایلون مسک نے عدالتی فیصلے کو پاگل پن قراردیدیا۔