فرانسیسی وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ یقین ہےٹرمپ غزہ پر اسرائیلی جنگ رکوائیں گے۔
امریکی صدارتی انتخاب میں ٹرمپ کی کامیابی پر فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ ٹرمپ کی جیت غزہ پر اسرائیل کی جنگ کو ختم کرنے کیلئے موقع ہے کیونکہ ٹرمپ کئی بار کہہ چکے اسرائیل کو غزہ میں جنگ کو جلد ختم کرنا چاہیے۔
ایران
امریکی صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کی دوبارہ کامیابی پر ایران نے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
حکومتی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے بیان میں کہا کہ امریکا میں کوئی بھی صدر بنے ہمیں فرق نہیں پڑتا امریکا میں صدارتی انتخابات کا ہم سے زیادہ تعلق نہیں ہے۔
ترجمان نے کہا کہ امریکا اور ایران کی عمومی پالیسیاں مستقل ہیں ایک کی جگہ دوسرے کے آنے سے کوئی خاص تبدیلی نہیں آئےگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ٹرمپ کی دوبارہ جیت سےکوئی خدشہ نہیں ہے ہمارے لیے دونوں امریکی صدارتی امیدواروں میں کوئی فرق نہیں، امریکی انتخابی نتائج ایرانی عوام کی روزمرہ زندگی پر اثر نہیں ڈالیں گے۔
چین
چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤننگ نے صدارتی انتخاب امریکا کا اندرونی معاملہ قرار دے دیا اور کہا ہم امریکی عوام کی رائے کا احترام کرتے ہیں۔
چینی مصنوعات پر ساٹھ فیصد ٹیرف لگانے کے سوال پر ترجمان نے کہا اس طرح کے فرضی سوالات کا جواب نہیں دیتے، ٹرمپ نے چینی درآمدات پر ساٹھ فیصد سے زیادہ ٹیرف لگانے اور چین کی سب سے زیادہ پسندیدہ ملک کی تجارتی حیثیت ختم کرنے کی تجویزپیش کی ہے، چین ہر سال چار سو بلین ڈالر سے زیادہ کی اشیا امریکا کو فروخت کرتا ہے۔
ٹرمپ
نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کوئی نئی جنگ شروع نہیں کروں گا بلکہ جاری جنگوں کو بھی ختم کروں گا۔
ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ دوسری بار امریکا کے صدر منتخب ہوگئے۔ وہ 277 الیکٹورل ووٹ لے کر حریف امیدوار کاملا ہیرس پر بھارتی برتری سے کامیاب ہوئے ہیں۔
کامیابی کے بعد فلوریڈا میں کنونشن سینٹر میں اپنے حامیوں، پارٹی رہنماؤں اور ووٹرز سے پہلے خطاب میں جیت پر سب سے پہلے امریکی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے ووٹ کے بغیر میری جیت ممکن نہیں تھی۔ بہترین انتخابی مہم چلائی، میری جیت امریکا کی سیاسی جیت ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایسی جیت کبھی نہیں دیکھی گئی۔ قوم نے تاریخ رقم کر دی اور یہ عوام کی کامیابی ہے۔ امریکا اب نئی بلندیوں پر جائے گا اور میرا اگلا دور امریکا کے لیے سنہرا دور ہوگا۔
نومنتخب صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کوئی نئی جنگ شروع نہیں کریں گے بلکہ دنیا میں جو جنگیں جاری ہیں، ان کو بھی ختم کروں گا۔ امریکا کو محفوظ، مضبوط اور خوشحال بنا کر دوبارہ عظیم ملک بناؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کو درپیش تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ ہم امریکا کو محفوظ بنائیں گے اور اس کی سرحدوں کو سیل کریں گے۔ اب جو بھی یہاں آئے گا، وہ قانونی طریقے سے ہی آئے گا۔