ڈیرہ اسماعیل خان: تحریک ِ طالبان پاکستان نے گزشتہ روز راولپنڈی میں مقامی عدالت کے جج کے قتل کی ذمہ داری قبول کرلی۔
گزشتہ روزراولپنڈی کے علاقے سیٹلائٹ ٹاﺅن میں نامعلوم افراد نے ایڈیشنل سیشن جج طاہرنیازی پراندھا دھند فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔
ایڈیشنل سیشن جج طاہرنیازی کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
نامعلوم افراد کی فائرنگ، ایڈیشنل سیشن جج طاہرنیازی ہلاک
حملہ آور فائرنگ کرنے کے بعد جائے واقعہ سے باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، پولیس کے مطابق ان کی تلاش جاری ہے۔
تحریکِ طالبان کے ترجمان محمد خراسانی نے اپنے ایک حالیہ ای میل بیان میں ایڈیشنل جج کے قتل کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
تحریک طالبان نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ طاہرنیازی کو کن وجوہاات کی بنا پر قتل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک کے طول وعرض میں دہشت گردوں کی سرکوبی کے لئے آپریشن ضربِ عضب جاری ہے۔