ترکیہ اور شام میں 6 فروری کو آنے والے زلزلے کے 13 روز بعد ترکیہ کے شہر ہاتائے میں ملبے میں دبے 3 افراد کو بحفاظت زندہ نکال لیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تباہ کن زلزلے سے اب تک 46 ہزار سے زائد افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، صرف ترکیہ میں مرنے والوں کی تعداد 40,642 ہوگئی ہے۔
قاہرامان ماراش کے مرکز میں آنے والے زلزلوں کے بعد سے امدادی ٹیمیں زندگی اور موت کی جنگ لڑنے والے آفت زدگان کی مدد کے لیے بھرپور کوششوں میں مصروف عمل ہیں۔
امدادی کارکنان کا کہنا ہے کہ ملبے سے معجزانہ طور پر زندہ نکالے جانے والے افراد ہمارے دلوں کو تھوڑی بہت تسلی دلا رہے ہیں جو ترکیہ کی عوام کیلئے باعث مسرت ہے۔
ریسکیو ٹیموں نے زلزلے کے 296 گھنٹوں بعد ایک بچہ، ایک عورت اور ایک مرد کو زندہ نکال لیا جنہیں فوری طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، تاہم ابھی ان افراد کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔