ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

ترک صدر رجب طیب اردوان نے اپنی جیت کا اعلان کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

انقرہ: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے عام انتخابات میں‌اپنی جیت کا اعلان کر دیا۔

ترک میڈیا کے مطابق ترکیہ صدارتی الیکشن میں ووٹوں کی گنتی مکمل ہو گئی ہے، رجب طیب اردوان 49.49 فی صد ووٹ لے کر آگے ہیں، جب کہ اپوزیشن رہنما کمال قلیچ دار اوغلو 44.79 فی صد ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر آئے ہیں۔

ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ صدارتی اور پارلیمانی الیکشن میں ووٹوں کا ٹرن آؤٹ 88 فی صد سے زائد رہا ہے۔

گزشتہ دو دہائیوں سے حکمرانی برقرار رکھنے والے رہنما رجب طیب اردوان نے نتائج سامنے آنے کے بعد اپنی جیت کا اعلان کیا، انھوں نے کہا ’’ترکیہ کے عوام نے ہمیں منتخب کر لیا ہے، ترکیہ اور اس کے عوام الیکشن جیت گئے، ترک عوام کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔‘‘

رجب طیب اردوان نے کہا کہ قوم کا فیصلہ سرکاری نتائج کے ساتھ ہی سامنے آ جائے گا، جس میں میں 50 فی صد سے زائد ووٹ لے کر انتخابات جیت جاؤں گا، ہم قومی رائے عامہ کا احترام کرتے رہیں گے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترک صدر کے حامیوں نے انقرہ میں آق پارٹی کے صدر دفتر کے باہر ایک پرجوش ریلی نکالی، اور وہ جیت کا جشن منا رہے ہیں۔ تاہم جس طرح ترکیہ میں دہائیوں بعد اتنے سخت مقابلے والے انتخابات لڑے گئے ہیں، صدر رجب طیب اردوان اور ان کے اہم حریف کے درمیان ’رن آف‘ کا امکان بڑھتا جا رہا ہے، یعنی دونوں کے درمیان اگر واضح فیصلہ نہ ہو سکا تو ایک بار پھر مقابلہ ہوگا۔

واضح رہے کہ اگر دونوں میں سے کوئی بھی امیدوار 50 فی صد ووٹ حاصل نہیں کر پاتا تو دو ہفتوں کے اندر دوسری رائے شماری ہوگی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں