اپنی زندگی کے لمحات کو یادگار بنانے کیلئے لوگ بڑے بڑے جتن کرتے ہیں، دنیا میں ایسے زندہ دل نوجوانوں کی بھی کمی نہیں جو ان لمحات کو ہمیشہ کیلئے یادگار بنانے کیلئے کچھ ایسا منفرد کر تے ہیں جو سب کو یاد رہتا ہے۔
کچھ ایسا ہی خاتون نیوز اینکر کے ساتھ ہوا جب وہ اسٹوڈیو میں براہ راست خبریں پڑھ رہی تھی، اسی دوران ایک ٹی وی رپورٹر نے اسٹوڈیو میں داخل ہوکر اسے انگوٹھی پہنادی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپوٹ کے مطابق یہ سب اچانک دیکھ کر امریکی نیوز اینکر بھی تھوڑی سی دیر حیران اور پریشان ہوگئی تاہم اس نے خود پر جلدی قابو پالیا۔
گزشتہ ہفتے ٹینیسی میں پیش آنے والے اس واقعے کی ویڈیو ریکارڈ ہوگئی جسے اب سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا گیا ہے، اینکر کارنیلیا نکلسن یہ ساری صورت حال دیکھ کر ورطہ حیرت میں پڑ گئیں۔ جب ایک کلپ ریکارڈ کرتے ہوئے خاتون اینکر کا بوائے فرینڈ ریلی نیگل اسٹوڈیو میں آ پہنچا۔
اس موقع پر ریلی نیگل نے اپنی منگیتر کو سرخ گلاب کا گلدستہ بھی پیش کیا۔ خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ان دونوں کی ملاقات سال 2020ء میں ریاست مونٹانا میں صحافتی ڈیوٹی کے دوران ہوئی تھی جس کے بعد دونوں ایک دوسرے کی محبت کے اسیر ہوگئے تھے۔
نوجوان خاتون نے اس واقعے کے بارے میں اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جسے لاکھوں لوگوں نے دیکھا اور پسند کیا ہے۔