نیویارک: سماجی رابطے اور مائیکروبلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر نے ویری فائیڈ اکاؤنٹ ہیک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ہیکرز نے 130 معروف شخصیات کے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کی مگر وہ پاس ورڈ چرانے میں ناکام رہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل بٹ کوائن اسکینڈل سامنے آیا تھا اور اسی دوران بل گیٹس، سابق امریکی صدر بارک اوباما سمیت مختلف شخصیات کے ٹویٹر اکاؤنٹس ہیک بھی ہوگئے تھے۔
ٹویٹر نے اس معاملے پر کوئی وضاحت پیش نہیں کی تھی اور مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی تھی البتہ اب سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ نے تصدیق کی کہ رواں ہفتے ہونے والے سائبر حملے میں ہیکرز نے 130 اکاؤنٹس کو نشانہ بنایا۔
مزید پڑھیں: بل گیٹس، ایلون مسک سمیت اہم شخصیات اور اداروں کے ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک
ٹویٹر انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ہیکرز نے معروف شخصیات کے اکاؤنٹس تک رسائی ضرور حاصل کی مگر وہ کسی کا پاس ورڈ حاصل نہیں کرسکے۔
انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ہیکرز نے اکاؤنٹس کا کنٹرول حاصل کیا اور ٹوئٹس بھی کیں لیکن اب متاثرہ اکاؤنٹس کو دوبارہ بحال کردیا گیا اور ڈیٹا ڈاؤن لوڈنگ کو بلاک کر دیا گیا ہے۔
ٹویٹر کے مطابق ہیکنگ کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، ہم اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ ہیکرز نے ان اکاؤنٹس سے ڈیٹا چرایا بھی ہے یا نہیں کیونکہ ہیکرز اب خاموش ہیں اور انہوں نے کوئی بھی ایسی چیز انٹرنیٹ پر شیئر نہیں کی۔
کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ ’اس بات کا امکان ہے کہ وہ صارفین جنہوں نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران اپنے پاس ورڈ تبدیل کیے اُن کے اکاؤنٹس کو نشانہ بنایا گیا ہو‘۔
مزید پڑھیں: ٹویٹر پر غیرمتعلقہ افراد کی مداخلت روکنے کا طریقہ
واضح رہے کہ رواں ہفتے دنیا کی معروف شخصیات کے ویری فائیڈ ٹویٹر اکاؤنٹس ایک ساتھ ہیک ہوئے تھے، ہیکرز نے دنیا کی مشہور ترین شخصیات، سیاست دانوں اور کاروباری حضرات کو نشانہ بنایا تھا۔
ہیکرز نے امریکی صدارتی امیدوار جوبائیڈن، سابق امریکی صدر اوباما، مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس اور ٹیسلا کے سربراہ ایلن مسک سمیت بہت سے اکاؤنٹس ہیک کیے تھے۔
ہیکرز نے متاثرہ شخصیات کے اکاؤنٹس سے ٹوئٹ کر کے لوگوں سے بٹ کوائن حاصل کرنے کی کوشش کی اور لالچ دیا تھا کہ اگر وہ انہیں بٹ کوائن فراہم کریں گے تو اس کے بدلے میں انہیں کئی گنا زیادہ رقم دی جائے گی۔