کراچی : تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کیخلاف کراچی میں دو مقدمات درج کرلئے گئے ، درج مقدمے میں دہشت گردی، اقدام قتل، جان سے مارنے کی دھمکی و دیگر دفعات شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت جاتے ہی پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ ایک مرتبہ پھر مشکل میں آگئے۔
حلیم عادل شیخ کیخلاف گلشن معمار اور اینٹی انکروچمنٹ فورس زون ون میں دہشت گردی کے مقدمے سمیت دو مقدمات درج کرلئے گئے۔
حلیم عادل شیخ کیخلاف پہلا مقدمہ گلشن معمار تھانے میں درج کیا گیا، جس میں دہشت گردی، اقدام قتل، جان سے مارنے کی دھمکی اور دیگردفعات شامل کی گئیں۔
مدعی مقدمہ سرکاری افسرعبدالولید کے مطابق میں سرکاری زمین پر رات گئے تعمیراتی کام کرتے چند افراد کودیکھا، انہوں نے اپنا نام شہزادہ سلیم انصاری بتایا اور ایک شخص سے بات کروائی، جس نے اپنا نام حلیم عادل شیخ بتایا۔
مدعی مقدمہ کا کہنا تھا کہ شہزادہ سلیم انصاری نے غیراخلاقی بات کی اور جان سے مارنےکی دھمکی دی ، اسی دوران مسلح لوگ آئے اور فائرنگ شروع کردی۔
مقدمے کے مطابق جس سے اینٹی انکروچمنٹ کی گاڑی پر گولیاں لگیں، پولیس نے فہیم نامی ملزم کو گرفتار کر کے اس کی گاڑی سے اسلحہ اور زمینوں کی جعلی فائلیں اور مہریں برآمد کرلیں۔
ملزم کیخلاف گلشن معمار تھانے میں غیر قانونی اسلحہ کا مقدمہ درج کیا گیا۔
حلیم عادل شیخ کیخلاف دوسرا مقدمہ اینٹی انکروچمنٹ زون ون تھانےمیں درج کیاگیا، جس کے مطابق حلیم عادل شیخ نے چالیس ایکڑ سرکاری زمین پر قبضہ کیا، ایف آئی آرمیں لینڈ گریبنگ کی دفعات شامل ہیں۔