کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی کازوے ندی کے قریب کچرا کنڈی سے صبح سویرے خاتون اور بچی کی لاشیں ملی ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق خاتون اوربچی کو تشدد کرکے قتل کیا گیا ہے، پولیس اور ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ چکی ہے۔
ترجمان کورنگی پولیس کا کہنا ہے کہ کرائم سین سے ایک پتھر ملا ہےجس پرخون لگاہواہے، ہوسکتا ہے اسی پتھر سے قتل کیا گیا ہو۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دونوں لاشوں کو ضروری کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، لاشوں کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے۔
جبکہ فیڈرل بی ایریا میں گھر سے ایک شخص کی لاش ملی ہے، جس کی شناخت 85 سالہ بشیر احمد کے نام سے ہوئی ہے۔ دوسری لاش لیاقت آباد ڈاکخانہ کےقریب سے ملی۔ جس کے سر پر چوٹ کا نشان ہے۔ مقتول کی شناخت محمد شبیر کے نام سے ہوئی ہے۔
اس سے قبل کراچی کے علاقے منگھوپیر سلطان آباد میں گھر سے پسند کی شادی کرنے والے میاں، بیوی کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
پولیس حکام کا بتانا ہے کہ گھر کے اندر سے لڑکا اور لڑکی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، دونوں کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق کچھ عرصہ قبل دونوں نے پسند کی شادی کی تھی اور دونوں سلطان آباد میں چھپ کر رہ رہے تھے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ لڑکی کے گھر والوں کو پتہ چل گیا تھا، ابتدائی معلومات کے مطابق لڑکی کے بھائیوں نے گھر پہنچ کر فائرنگ کی۔
ایس ایس پی ویسٹ حفیظ الرحمان بگٹی کا کہنا ہے کہ جاں بحق نوجوان کی شناخت عادل اور لڑکی کی شناخت سدرہ کے نام سے ہوئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے سابق افسر کو ایف آئی اے نے گرفتار کرلیا
پولیس کے مطابق دہرے قتل کی واردات غیرت کے نام پر ہوئی ہے، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔