ساہیوال : پولیس نے اسکول کی دو طالبات کے لاپتہ ہونے کے بعد انہیں ڈھونڈ نکالا، دو ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ساہیوال کے نواحی علاقے سے چھٹی کلاس کی دو طالبات اسکول سے واپس گھر نہیں پہنچیں جس پر ان کے اہل خانہ نے اغواء کی رپورٹ درج کرائی۔
مذکورہ طالبات کے اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ دونوں طالبات کو اسکول کے مرکزی دروازے سے اغواء کیا گیا ہے۔
غلہ منڈی پولیس نے والدین کی شکایت پر فوری کارروائی کا آغاز کیا، میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے پولیس حکام نے بتایا کہ ایک بچی ڈسپنری روڈ جبکہ دوسری بچی غلہ منڈی کی رہائشی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق دونوں بچیاں اغوا نہیں ہوئیں بلکہ وہ اپنی مرضی سے گئی تھیں، جنہیں ڈھونڈ کر پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں بچیوں کو اپنے ساتھ لے جانے والے 2ملزمان کو بھی عارف والہ سے گرفتار کرلیا گیا ہے، ضابطے کی کارروائی کی بعد بچیوں کو ورثاء کے حوالے کردیا جائے گا۔