تازہ ترین

کراچی : ڈاکوؤں نے دو افراد کو قتل کرکے سوا کروڑ روپے سے زائد رقم لوٹ لی

کراچی: میٹروول میں ڈکیتی مزاحمت پر گاڑی پر فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے تاہم ملزمان نے ایک کروڑ پینتیس لاکھ روپے لوٹ لئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں بے لگام ڈاکوؤں نے مزید دو افراد کی جان لے لی، میٹروول 4نمبر میں کار پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ، جس میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس نے بتایا کہ مقتولین کی شناخت شیرعالم اورذاکر کےنام سے ہوئی، جاں بحق افراد پولٹری فارم کا کام کرتے ہیں۔

ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا جائے وقوع پر پہنچ گئے اور ایس ایس پی کیماڑی فیضان علی سےتفصیلات لیں۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا تھا کہ صبح 9بجےافسوسناک واقعہ پیش آیا ، مقتولین گاڑی میں ایک کروڑ 26 لاکھ روپے لیکر بینک جارہے تھے، ملزمان نےدونوں افراد کو ٹارگٹ کرکے رقم لوٹی۔

ملزمان پہلےسے موجود تھےانہیں علم تھا کہ یہ لوگ یہاں سےگزریں گے، مقتولین کی کارپردونوں جانب سےفائرنگ کی گئی ہے، یہ معمول کااسٹریٹ کرائم نہیں۔

نائن ایم ایم کے 5 خول جائے وقوع سے ملے ہیں تاہم اتنازیادہ کیش بینک لےجاتےہوئےپولیس کوپیشگی اطلاع دینی چاہیے تھی، خستہ حال گاڑی میں بغیر کسی سیکیورٹی کےاتنی بڑی رقم کومنتقل کیا جارہا تھا۔

تمام افراد کو شامل تفتیش کرینگےاورشواہدکی مددسےملزمان تک پہنچ جائیں گے، فائرنگ کرنے والے افراد موٹر سائیکل پر سوار تھے جو رقم لیکر فرار ہوئے۔

اسد رضا نے کہا کہ ممکنہ طور پر ملزمان کے پاس رقم سےمتعلق معلومات تھیں، اتنی بڑی رقم بینک لےجانے سے پہلے پولیس سیکورٹی لینا ہوتی ہے، رقم لے جانے سے پہلے سیکورٹی کیلئے پولیس سے رابطہ نہیں کیاگیا، کرائم سین یونٹ شواہد جمع کررہا ہے ،جیو فینسنگ بھی کرائیں گے۔

ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ عدیل چانڈیو جائےوقوعہ پرپہنچ گئے ، ایس ایس پی کیماڑی آپریشن اورانویسٹی گیشن نے ایس آئی یوٹیم کوتفصیلات سے آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میٹروول میں فائرنگ سے2شہریوں کےجاں بحق ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی۔

مرادعلی شاہ نے کہا کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے رپورٹ دی جائے ، اس قسم کے واقعے ناقابل قبول ہیں، علاقے کی پولیس کہاں تھی، پولیس گشت کو ایسی جگہوں پر بڑھایا جائے جہاں کرائم زیادہ ہے۔

Comments

- Advertisement -