لندن : برطانوی دارالحکومت کے شمال میں ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں پر چاقو سے حملہ کرکے شدید کردیا، چاقو زنی کی واردات میں زخمی ہونے والے چاروں اہلکار کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے شمالی علاقے آئیلنگٹن میں نامعلوم چاقو بردار شخص نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ڈیوٹی پر موجود چار اہلکار زخمی ہوگئے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اداروں نے ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے کہ اقدام قتل اور ہنگامہ آرائی میں ملوث ہونے کے شبے میں دو 19 سالہ نوجوانوں کو حراست میں لیا ہے۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کو شمالی لندن میں ہنگامہ آرائی کی شکایات موصول ہوئی تھی تاہم پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے تو مشتعل شخص نے خنجر سے پولیس پارٹی پر ہی حملہ کردیا۔
خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ چاقو زنی کی واردات میں دو مرد اہلکاروں پر خنجر سے وار کیے گئے جبکہ ایک خاتون کے سر پر چوٹ لگی اور ایک خاتون کے ہاتھ کی ہڈی ٹوٹ گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد کےلیے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں تین اہلکاروں کو طبی امداد کے بعد روانہ کرگیا تھا جبکہ ایک اہلکار کو شدید زخمی ہونے کے باعث اسپتال میں داخل کرلیا تھا۔
برطانوی میڈیا کا کہنا تھا کہ جھگڑے کے باعث چاقو بردار شخص بھی معمولی زخمی ہوا تھا جسے طبی امداد فراہم کرنے کے بعد شمالی لندن کے پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے حملے میں استعمال ہونے والا خنجر برآمد ہوا ہے، پولیس اہلکار واقعے کی مزید تفتیش کررہے ہیں۔