راولپنڈی : پاک فوج کے دو ریٹائرڈ افسران میجر عادل فاروق راجہ اور کیپٹن حیدر رضا مہدی کو بغاوت پر اکسانے کے الزام میں سزائیں سنا دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کے دو ریٹائرڈ افسران کا فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کردیا گیا اور میجر ریٹائرڈ عادل فاروق راجہ اور کیپٹن ریٹائرڈ حیدر رضا مہدی کو آرمی ایکٹ کے تحت سزائیں سنا دی گئیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ میجر (ریٹائرڈ) عادل فاروق راجہ کو 14 سال قید بامشقت جبکہ کیپٹن (ریٹائرڈ) حیدر رضا مہدی کو 12 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ سزا فرائض کی انجام دہی اور جاسوسی سے متعلق آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 کی دفعات کی خلاف ورزی اور ریاست کے تحفظ اور مفاد کے منافی کام کرنے پر سنائی گئی اور مجاز دائرہ اختیار کی عدالت نے 7 اور 9 اکتوبر 2023 کو دونوں افراد کو مناسب عدالتی عمل کے ذریعے مجرم قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سنائی گئی سزا کے مطابق 21 نومبر 2023 کو دونوں افسران کے رینک ضبط کر لیے گئے ہیں۔