جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

افغان جنگ کی خفیہ دستاویزات، امریکی اخبار نے امریکا کےجھوٹ کا پردہ چاک کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن : امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے افغان جنگ سے متعلق امریکا کےجھوٹ کا پردہ چاک کردیا اور کہا امریکی حکام نے افغانستان میں جیت کا تاثر دینے کیلئے حقائق بدلے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے افغان جنگ کی خفیہ دستاویزحاصل کرلیں ، امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ کابل ،پینٹاگون میں امریکی حکام نے جیت کا تاثر دینے کیلئے حقائق بدلے، تمام سروے ناقابل اعتماد اور ان کا مقصد امریکا کی جیت دکھانا تھا۔

دو ہزار صفحات پر مشتمل خفیہ دستاویزات میں امریکی فوجی افسروں اور اہلکاروں کے انٹرویوز شامل ہیں جبکہ اس جنگ پر ایک کھرب امریکی ڈالر خرچ ہوئے، خواتین سمیت 2300 فوجی ہلاک اور 20 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق افغانستان میں مضبوط حکوت کے قیام کی امریکی پالیسی احمقانہ عمل تھا، ایک تہائی بھرتی افغانی اہلکار نشے میں مبتلا یا طالبان سےتعلق رکھتے ہیں۔

واشنگٹن پوسٹ نے افغان جنگ کے بارے میں یہ دستاویزات  جنگی اخراجات اور نااہلی کا محاسبہ کرنے والے سرکاری ادارے ” اسپیشل انسپکٹرجنرل فار افغانستان ری کنسٹرکشن ” سے حاصل کی ہیں۔

خیال رہے یہ معلومات ویت نام جنگ کے بارے میں پینٹاگان کی دستاویزات سے ملتی جلتی ہیں، جو ایسے موقع پر سامنے آئی ہیں کہ جب امریکہ طالبان کے ساتھ جنگ کے پرامن تصفیے کے لیے دوحہ میں مذاکرات کررہا ہے۔

واضح رہے افغان طالبان اور امریکی ٹیم کے درمیان معطل ہونے والے امن مذاکرات کا دوبارہ آغاز ہوگیا ہے، فریقین نے قطر میں بیٹھ کر اس بات پر زور دیا کہ مذاکرات کو وہی سے شروع کیا جائے جہاں اس کو معطل کیا گیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں