کراچی : متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے یورپین یونین ائر سیفٹی ایجنسی کی پی آئی اے پر پابندی سے متعلق وجوہات کی تفصیلات طلب کرلیں۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی مشکلات میں ممکنہ اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، یورپین یونین ائر سیفٹی ایجنسی کی پی آئی اے اور وژن ایئر پر پابندیوں کے معاملے پر متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سی اے اے پاکستان کو خط لکھ دیا۔
خط پابندی کی وجوہات کی تفصیلات کے لیے لکھاگیا ہے، جس میں کہا گیا وژن ایئر ، پی آئی اے پسنجرز، چارٹراور کارگو سروسز جی سی اے اے میں رجسٹر ہیں، ایاسا کی عائد پابندی کی آپریشنل وجوہات کےبارے میں تفصیلات فراہم کی جائیں۔
خط میں کہا گیا کہ پاکستانی سی اے اے اے کی جانب سے پابندی کے حوالے سے فالو اپ اور ان ائر لائنز کے کئے گئے آخری آڈٹ کی تفصیلات بھی روانہ کی جائیں۔
یاد رہے یورپین یونین ایئر سیفٹی ایجنسی نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کا یورپی ممالک کےلیے فضائی آپریشن کا اجازت نامہ آئندہ چھ ماہ کےلیے معطل کردیاتھا، جس کے بعد قومی ایئر لائن کی یورپ کےلیے تمام پروازیں عارضی طور پر منسوخ کردی گئی تھیں ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جن مسافروں نے پی آئی اے کے ذریعے یورپی ممالک کےلیے بکنگ کرائی ہوئی تھی انہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ وہ چاہیئں تو ریفنڈ لے سکتے ہیں یا بکنگ آگے کراسکتے ہیں۔