کراچی : متحدہ عرب امارات میں بارش برسانے والا سسٹم پاکستان میں داخل ہوگیا ، جس کے باعث کراچی میں آج رات سے 14 فروری تک بارش کی پیش گوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں آسمان پر بادلوں کی باعث موسم خوشگوار ہوگیا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں بارش برسانے والا سسٹم پاکستان میں داخل ہوگیا، بحیرہ عرب کے قریب سسٹم کی موجودگی کی وجہ سے کراچی میں مطلع ابر آلود رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں آج رات سے چودہ فروری تک کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ آ شمال مشرق سمت سےسردہواؤں کا سلسلہ جاری ہے ، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ہے ، 8 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے اور دن میں درجہ حرارت 25سے27 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا.
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے زیر اثر ہونے والی بارشوں کے باعث بلوچستان کے جنوب مغربی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
اسی طاقتور مغربی لہر کے باعث سعودیہ، قطر، بحرین، یو اے ای، عمان، ایران، کویت اور یمن میں شدید بارش اور ژالہ باری کی لپیٹ میں ہے۔
دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، گوادر، جیوانی، پسنی، تربت، پنجگور، لسبیلہ اور اورماڑہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔