23.5 C
Dublin
ہفتہ, مئی 11, 2024
اشتہار

متحدہ عرب امارات، غیر ملکی قیدیوں کی رہائی کا حکم

اشتہار

حیرت انگیز

دبئی: متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم نے غیر ملکی قیدیوں کی رہائی کا حکم جاری کردیا۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق نائب صدر نے متحدہ عرب امارات کے 49ویں قومی دن کی خوشی میں  472 غیر ملکیوں کو رہائی دینے کا حکم جاری کیا۔

دبئی کے پبلک پراسیکیوٹر حسام الحمیدان نے بتایا کہ جیل سے رہائی کے بعد قیدی معاشرے کا حصہ بن سکیں گے اور عام لوگوں کی طرح زندگی گزار سکیں گے۔

- Advertisement -

اُن کا کہنا تھا کہ قید کے دوران ملزمان کو معاشرے میں مثبت کام کرنے اور اچھا شہری بننے کی تربیت دی گئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ رہائی رواداری کے اصولوں کی بنیاد پر کی جارہی ہے جس کے لیے پبلک پراسیکیوشن نے دبئی پولیس اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر تمام معاملات طے کرلیے ہیں۔

مزید پڑھیں: متحدہ عرب امارات کا قومی دن، قیدیوں‌ کی رہائی کا اعلان

واضح رہے کہ 24 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان نے  49ویں قومی دن کی مناسبت سے 628 قیدیوں کی رہائی کا حکم جاری کیا تھا۔

صدر نے حکومت کو ہدایت کی کہ وہ قیدیوں پر عائد ہونے والے جرمانے بھی ادا کرے جبکہ انہوں نے معمولی جرمانے والے قیدیوں کے جرمانے معاف کرنے کا حکم بھی جاری کیا تھا۔

شیخ خلیفہ بن زید آل نہیان کے اس اقدام کا مقصد قیدیوں کو نئی زندگی کا موقع فراہم کرنا ہے تاکہ اُن کے عزیز و اقارب اور چاہنے والوں کی تکلیف میں آسانی ہوسکے۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق رہائی پانے والے قیدیوں کو نئے سرے سے بہتر انداز میں زندگی گزارنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے تاکہ وہ معاشرے مثبت کردار ادا کر کے اپنے اہلخانہ اور معاشرے کے لیے مفید ثابت ہو سکیں۔

قیدیوں کی معافی اور رہائی شیخ خلیفہ بن زاید کے اس عزم کا حصہ ہے جو خاندانی ہم آہنگی، خاندانوں کو مسرت دینے اور معافی پانے والے قیدیوں کو ایک بہتر مستقبل کی تعمیر کا موقع میسر کرنے کے لیے ہے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کا 49واں قومی دن 2 دسمبر کو قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔

متحدہ عرب امارات کی حکومت نے مملکت کے قومی دن اور یوم شہداء کی مناسبت سے یکم دسمبر سے تین دسمبر تک تین روزہ عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

یکم دسمبر کو منگل، دو کو بدھ اور تین کو جمعرات ہے جبکہ جمعے کو امارات میں ہفتہ وار تعطیل ہوتی ہے۔ سرکاری دفاتر پانچ روز تعطیل کے بعد اتوار  6 دسمبر کو کھلیں گے۔

یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات میں دو دسمبر 1971 کو 7 ریاستوں ابوظبی، دبئی، شارجہ، عجمان، فجیرہ، ام القوین اور راس الخیمہ کے اتحاد کا اعلان ہوا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں