لندن : برطانیہ نے سیکیورٹی خدشات پر سرکاری ڈیوائسز میں ٹک ٹاک پر پابندی کا اعلان کردیا اور کہا یہ ایک احتیاطی اقدام ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سرکاری ڈیوائسز میں چین کی ایپ ٹک ٹاک پر پابندی لگادی۔
اسٹیٹ سکریٹری اولیور ڈاؤڈن نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ "ہم فوری طور پر سرکاری اداروں پر ٹک ٹاک کے استعمال پر پابندی لگا دیں گے، یہ ایک احتیاطی اقدام ہے۔”
ان کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ حکومت کے اندرٹک ٹاک پہلے سے ہی محدود استعمال ہے، لیکن یہ ایک اچھا سائبر کلین اپ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری آلات سے وابستہ مخصوص خطرات کے پیش نظر بعض ایپلی کیشنز کے استعمال کو محدود کرنا مناسب ہے، خاص طور پر وہ جو کہ بڑی مقدار میں ڈیٹا تک رسائی اور ذخیرہ کرتی ہیں۔
دوسری جانب چین نے برطانیہ کی جانب سے ٹک ٹاک پر پابندی کے فیصلےکو سیاسی قرار دے دیا۔
لندن میں چینی سفارتخانے نے ردعمل میں کہا کہ برطانیہ میں سرکاری فونز میں ٹک ٹاک کے استعمال پر پابندی کا فیصلہ حقائق کے برعکس ہے، ایسے فیصلے سے برطانیہ کے اپنے مفادات کو ہی نقصان پہنچے گا۔