اسلام آباد : پاکستان میں کورونا وائرس کی تشخیصی ٹیسٹ کی صلاحیت بڑھانے کیلئے روبوٹ آپریٹڈ کوویڈ 19 ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں روبوٹ آپریٹڈ کوویڈ 19 ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح کردیا گیا ، برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے لیب کاافتتاح کیا۔
لیب یومیہ 2 ہزار سے زائد ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ، اس لیب میں تمام شفٹوں کو چلانے کے لیے عملے کے صرف 6 افراد کی ضرورت ہوتی ہے۔
برطانیہ میں تعمیر کردہ یہ لیبارٹری بائیو سیفٹی لیول 2 پلس(بی ایس ایل2 +) سہولت ہے جو آئی ایس او 15189 معیار کے مطابق تعمیر کی گئی ہے۔
کرسچن ٹرنرنے غیرملکی سرمایہ کاری کے سفیر علی جہانگیرصدیقی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا لیب برطانیہ اور پاکستان کے متحرک تعلقات کی ایک مثال ہے، مجھے یہ اعزاز حاصل ہے کہ میں بھی اس میں شامل رہوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں فخر ہے کہ برطانیہ کوویڈ 19 کے خلاف جنگ میں بین الاقوامی سطح پر ایک ویکسین بنانے اور اس کی تقسیم کے لیے صف اول میں ہے۔
علی جہانگیرصدیقی کا کہنا تھا کہ ہم مستقبل قریب میں اس طرح کی مزید شراکت کے منتظر ہیں۔