لندن: برطانیہ میں لیبر پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ڈین نوریس کو زیادتی اور کمسن سے جنسی جرم کے شبہ میں گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی پولیس نے ایم پی ڈین نوریس کو گھر پر چھاپا مار کر گرفتار کیا، بعض اشیا بھی تحویل میں لے لیں، لیبر پارٹی نے ان کی رکنیت بھی معطل کر دی ہے۔
ایون اور سمرسیٹ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ڈین نوریس کو جمعہ کو گرفتار کیا گیا تھا اور پھر انھیں مشروط ضمانت پر رہا کیا گیا۔ ترجمان لیبر پارٹی کا کہنا ہے کہ پولیس کی تحقیقات جاری ہے، اس پر مزید بات نہیں کر سکتے۔
بی بی سی کے مطابق ایم پی ڈین نورس کو ریپ، بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی، بچوں کے اغوا اور عوامی دفتر میں بدتمیزی کے شبے میں گرفتار کیا گیا۔ ڈین نورس ٹیچر اور چائلڈ پروٹیکشن افسر بھی رہے ہیں، ان کے خلاف دسمبر 2000 میں شکایت ملی تھی اور زیادہ تر واقعات 2000 کے عشرے میں ہوئے، تاہم پولیس 2020 سے ہونے والے مبینہ جنسی جرائم کی تحقیقات بھی کر رہی ہے۔
اسرائیل نے پارلیمانی وفد میں شامل برطانیہ کی پارلیمنٹ کے 2 ارکان کو گرفتار کر لیا
65 سال کے ڈین نورس 2024 میں برطانیہ کے علاقے نارتھ ایسٹ سمرسیٹ سے ایم پی منتخب ہوئے، انھوں نے ہائی پروفائل کنزرویٹو ایم پی جیکب ریس موگ کو شکست دی تھی۔ ڈین نورس گورڈن براؤن کی کابینہ میں جونیئر وزیر بھی رہ چکے ہیں۔
پولیس کے مطابق دسمبر 2024 میں انھیں ایک اور پولیس فورس کی جانب سے ایک ریفرل موصول ہوا تھا، جس میں مبینہ طور پر ایک لڑکی کے خلاف جنسی جرم کا ارتکاب کیا گیا تھا۔