منگل, فروری 11, 2025
اشتہار

پاک برطانیہ بحری مشقیں وائٹ اسٹار اگلے چند روز میں شروع ہوں گی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان اور برطانیہ کی بحری افواج کی بحری مشقیں وائٹ اسٹار اگلے چند روز میں شروع ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق وائٹ اسٹار سیریز کی چوتھی مشقیں پاکستان کی میزبانی میں شمالی بحیرہ عرب میں منعقد ہوں گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ وائٹ اسٹار 4 میں حصہ لینے کے لیے برطانوی بحریہ کا فریگیٹ ایچ ایم ایس لنکاسٹر کراچی پہنچ گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایچ ایم ایس لنکاسٹر برطانوی شاہی بحریہ کا ڈیوک کلاس ٹائپ 23 فریگیٹ ہے، ان مشقوں میں پاکستان کی جانب سے طغرل کلاس گائیڈڈ میزائل فریگیٹ پی این ایس تیمور اور پی این ایس یرموک حصہ لیں گے۔

وائٹ اسٹار 4 میں دوران جنگ دشمن جہازوں کو اسلحے کی ترسیل روکنے کی مشق کی جائے گی، دشمن جہازوں کے خلاف جارحانہ کارروائی، انھیں تباہ کرنے اور قبضہ کرنے کی مشقیں بھی کی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق بحری مشقوں میں کارروائیوں کے دوران عملے، اثاثوں اور تنصیبات کے تحفظ پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی، یاد رہے کہ وائٹ اسٹار سیریز کی تیسری مشق برطانیہ میں منعقد ہوئی تھی۔

اہم ترین

لئیق الرحمن
لئیق الرحمن
لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں

مزید خبریں