کیف: یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے نیا آرمی چیف مقرر کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرینی صدر زیلنسکی نے کرنل جنرل آندری ہناتوف کو نیا آرمی چیف مقرر کر دیا ہے، اتوار کو یوکرین کے جنرل اسٹاف نے بتایا کہ صدر نے ملک کی مسلح افواج کی قیادت میں تبدیلی کا حکم دیا ہے۔
ٹیلی گرام پر کیے گئے اعلان کے مطابق جنرل آندری ہناتوف، جو پہلے جنرل اسٹاف کے ڈپٹی چیف تھے، اب اس کے نئے سربراہ ہیں، اور ان کا ہدف ہر سطح پر مسلح افواج کے کمانڈ اسٹرکچر کی تجدید اور اس میں بہتری لانا ہے۔
مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ سابق چیف آف جنرل اسٹاف اناتولی بارہیلویچ وزارت دفاع میں نئے انسپکٹر جنرل ہوں گے۔ واضح رہے کہ مسلح افواج کی قیادت میں اس رد و بدل کی کوئی سرکاری وجہ نہیں بتائی گئی، تاہم یوکرین کی مسلح افواج کو حالیہ ہفتوں میں روس کے خلاف لڑائی میں نمایاں دھچکا لگا ہے۔
کیا نیتن یاہو نے خفیہ ایجنسی شن بیٹ کے ڈائریکٹر کو برطرف کر دیا؟
ملک کے مشرق میں علاقائی نقصانات کے علاوہ، یوکرین کے فوجیوں کو بھی حال ہی میں مغربی روسی علاقے کرسک میں پیچھے دھکیل دیا گیا ہے۔ وزیر دفاع رستم عمروف نے ایک بیان میں کہا کہ ’’ہم منظم طریقے سے یوکرین کی مسلح افواج کو تبدیل کر رہے ہیں تاکہ ان کی جنگی تاثیر کو بڑھایا جا سکے۔‘‘
واضح رہے کہ ولودیمیر زیلنسکی نے 2022 میں روس کی جانب سے حملے کے آغاز کے بعد سے یوکرین کی حکومت اور فوج کے اندر بار بار عہدے داروں کی تبدیلیاں کی ہیں۔