یوکرین میں تعینات پاکستانی سفیر میجر جنرل(ر) نوئل کھوکھر نے کہا ہے کہ تمام تر مسائل کے باوجود سفارت خانہ پاکستانیوں کی مدد کر رہا ہے، بینکنگ سسٹم ڈاؤن ہے، سائبر حملے بھی ہورہے ہیں۔
روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے موقع پر دیگر ممالک کی طرح پاکستانیوں کی بڑی تعداد یوکرین میں محصور ہیں جن کی وطن واپسی کیلیے حکومت بھرپور کوششیں کررہی ہے۔
اس حوالے سے یوکرین میں تعینات پاکستانی سفیر میجر جنرل(ر) نوئل کھوکھرکا کہنا ہے کہ سفارت خانے کےعملے کے 21اہل خانہ سمیت 62افراد کو پہلے ہی نکال لیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ59افراد یوکرین اور پولینڈ کی سرحد پر موجود ہیں جبکہ 79لوگ اب سرحدوں کی جانب آنیوالے راستے پر ہیں۔
پاکستانی سفیر کے مطابق67طلبا یوکرین و پولینڈ سرحد اور سفارتی عملے کے12 افراد یوکرین رومانیہ سرحد کی طرف ہیں اس کے علاوہ خارکیف سے104 طلبا ٹرین کے ذریعے دوپہرکو پہنچ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تین ہزار کے قریب پاکستانی طلبا یوکرین میں تھے مزید 20طلبا کو خارکیف سے سفارت خانے کی جانب سے بھیجی جانے والی بس سے نکالا جا رہا ہے۔
پاکستانی سفیر میجر جنرل(ر) نوئل کھوکھر نے کہا کہ اب پانچ سو سے 600طلبا یہاں رہ گئے ہیں،جبکہ چالیس سے پچاس طالب علموں کو آج رات بھیج دیا جائے گا، طلبا کو پولینڈ بھیجا جارہا ہے،35 طلبا نوپول میں ہمارے ساتھ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام طلبا کو تمام تر سہولیات دینے کی کوشش کررہے ہیں، یہاں بینکنگ سسٹم ڈاؤن ہے اور سائبر حملے بھی ہو رہے ہیں، مسائل کے باوجود سفارت خانہ پاکستانیوں کی مدد کر رہا ہے۔