تازہ ترین

پاکستانی بھائیوں نے الٹرا لائٹ ہیلی کاپٹر تیار کرلیا

پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں 2 بھائیوں نے الٹرا لائٹ ہیلی کاپٹر تیار کرلیا، ہیلی کاپٹر 6 ہزار فٹ کی بلندی تک اڑ سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پشاور سے تعلق رکھنے والے دونوں بھائیوں قاضی سجاد احمد اور قاضی طفیل احمد نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں شرکت کی اور اپنے ہیلی کاپٹر کے بارے میں بتایا۔

قاضی سجاد احمد نے بتایا کہ وہ 1978 سے الٹرا لائٹ ایئر کرافٹ کی مینو فیکچرنگ کر رہے تھے، اب اس کو بدل کر انہوں نے الٹرا لائٹ ہیلی کاپٹر تیار کیا ہے۔

قاضی سجاد کا کہنا تھا کہ انہیں یہ ہیلی کاپٹر بنانے کا خیال جیمز بانڈ کی ایک فلم دیکھ کر آیا۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے سنہ 2005 میں وزیر اعظم پاکستان سے اس ہیلی کاپٹر کی تیاری میں مالی مدد کی درخواست کی تھی، جس کے بعد انہیں وزارت دفاع سے اس کا جواب آیا۔

قاضی سجاد کے مطابق ان کا ہیلی کاپٹر 6 ہزار فٹ کی بلندی تک جاسکتا ہے جبکہ اس پر 15 لاکھ روپے کی لاگت آئی ہے۔ علاوہ ازیں یہ مختلف مقاصد جیسے اسپرے وغیرہ کے لیے استعمال ہوسکتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ان کا ہیلی کاپٹر ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے اسپرے میں حکومت کا ساتھ دے سکتا ہے، کسی چھوٹے سے علاقے میں ٹیسٹ اسپرے کروایا جاسکتا ہے۔

دونوں بھائی حکومتی تعاون کے بعد اسے کمرشل بنیادوں پر بنانے کا ارادہ بھی رکھتے ہیں، ان کے مطابق تجارتی بنیاد پر بنانے کے بعد الٹر لائٹ ہیلی کاپٹر پر 50 لاکھ روپے لاگت آسکتی ہے۔

Comments

- Advertisement -