لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے عمر اکمل کی پابندی کے کمی کے فیصلے کو عالمی ثالثی عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر عمر اکمل پر عائد پابندی میں کمی کے فیصلے کے خلاف سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزین میں قائم کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کریں گے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ بدعنوانی سے متعلق متعدد لیکچرز میں شرکت کرنے کے بعد عمر اکمل جیسا سینئر کرکٹر متعلقہ حکام کو رابطوں کے بارے میں آگاہ کرنے کے نتائج سے بخوبی واقف تھا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ بورڈ کی انسداد بدعنوانی سے متعلق زیرو ٹولیرنس پالیسی برقرار ہے۔
مزید پڑھیں: عمر اکمل کی سزا میں ڈیڑھ سال کی کمی کردی گئی
واضح رہے کہ عمر اکمل کی اپیل پر سزا تین سال سے کم کرکے ڈیڑھ سال کردی گئی تھی۔
عمر اکمل کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی کھلاڑیوں سے غلطیاں ہوئیں، سزا میں کمی کے فیصلے سے مطمئن نہیں ہوں، چاہتا ہوں ڈیڑھ سال کے بجائے سزا میں مزید کمی کی جائے، حالات کے مطابق حکمت عملی تیار کروں گا۔
خیال رہے کہ دو مختلف مواقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کرنے کے سبب عمر اکمل پر تین سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔ چیئرمین ڈسپلنری پینل جسٹس ریٹائرڈ فضلِ میراں چوہان نے 27اپریل کو مختصر فیصلہ سناتے ہوئے عمر اکمل پر 3 سال کے لیے ہر قسم کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کی تھی۔