لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ آئندہ چند مہینوں میں بجلی کی قیمت تقریباً 85 روپے فی یونٹ تک بڑھے گی، بجلی کی بڑھتی قیمتوں کی ذمہ دار صرف ن لیگ اور پی ڈی ایم ہیں۔
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران بجلی کی قیمت 16 روپے فی یونٹ تھی، گزشتہ 15 ماہ میں 325 فیصد اضافےسے اب تقریباً 68 روپے فی یونٹ ہے۔
عمر ایوب کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرکے عوام پر مزید بوجھ ڈال رہی تھی، اب ن لیگی رہنما قیمتوں میں اضافے سے خود کو الگ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
عوام یہ بات یاد رکھے کہ ن لیگ اور پی ڈی ایم کی حکومت نے ملک میں مہنگائی، بجلی کی قیمت میں انتہائی ہوشربا اضافے کو جنم دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے پاکستان کو مہنگی درآمدی توانائی پر منحصر کیا، پیدا ہونے والی 70فیصد بجلی کا انحصار درآمدی ایندھن پر ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ روپے کی قدر میں کمی ایندھن کی قیمتوں میں ایڈجسٹمنٹ کو بڑھارہی ہے، ٹیک اینڈ پے کنٹریکٹس کی وجہ سےادائیگی اس سال 2ہزار بلین روپے کو چھو چکی ہے۔