کراچی : ہم سب کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے ایشئین کامیڈین لیجنڈ عمر شریف اپنی زندگی کا سب سے بڑا غم بتاتے ہوئے رو پڑے۔
عید الاضحیٰ کے موقع پر اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں میزبان وسیم بادامی کو انٹرویو دیتے ہوئے عمر شریف نے اپنی بیٹی حرا شریف کی موت کا تذکرہ کیا اور آبدیدہ ہوگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ایک پروگرام کے سلسلے میں امریکہ میں تھا، شوٹنگ کے دوران مجھے اطلاع ملی کہ میری بیٹی کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہے جس پر میں نے فوری طور پر سب چھوڑ چھاڑ کر پاکستان آنے کی تیاری کی۔
عمر شریف کا کہنا تھا کہ جب میں پاکستان پہنچا تو لاہور ایئر پورٹ پر مجھے لینے کیلیے آنے والے لوگوں نے کہا کہ عمر بھائی بہت افسوس ہوا میں نے پوچھا کیوں کیا ہوگیا۔
جسے ہی مجھے پتہ چلا معلوم ہوا کہ میہری بیٹی ابن اس دنیا میں نہیں رہی تو مین چکرا کر گر گیا، اس واقعے کے بعد سے مجھے اب زیادہ چکر آنے لگے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس کو پھیپڑوں کی تکلیف تھی، اس کے بعد ہارٹ اٹیک بھی ہوا تھا، بس وہ ان ہی تکالیف کے ساتھ وہ موت کے منہ میں چلی گئی۔
مزید پڑھیں : لیجنڈری اداکار عمر شریف گہرے صدمے کا شکار
واضح رہے کہ18فروری 2020کو عمر شریف کی صاحبزادی حرا عمر لاہور میں انتقال کر گئی تھیں، اداکار عمر شریف کو ان کی بیٹی کی وفات کا نہیں بتایا گیا انہیں صرف یہ اطلاع دی گئی ہے کہ ان کی بیٹی کی طبیعت ناساز ہے۔
عمر شریف کو امریکہ میں حرا کی طبیعت کی خرابی کی اطلاع دی گئی، بیٹی کی خرابی طبعیت کا سن کر عمر شریف نے امریکہ میں اپنا طے شدہ پروگرام بھی منسوخ کر دیا تھا اور وہ اسی رات نجی فلائٹ سے لاہور پہنچ گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکار عمر شریف کی بیٹی حرا شریف گردوں میں انفیکشن کے مرض میں مبتلا تھیں اور لاہور کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔