عمرکوٹ : خوفناک ٹریفک حادثے نے ایک اور خاندان اجاڑ دیا، حادثے میں 5 افراد جان سے گئے، جن میں 1خاتون، 2 مرد اور 2 بچے شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عمرکوٹ کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ، جہاں کار اور وین کی ٹکرہوئی، حادثے میں پانچ افراد جان سے چلے گئے جبکہ بچہ شدید زخمی ہوا۔
حادثےمیں جان سے جانے والوں میں 1خاتون،2مرداور2بچے شامل ہیں اور حادثے کے شکار ہونے والے 4 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
عمر کوٹ کے رہائشی کیلاش کارمیں بھابھی اوربھتیجوں کے ہمراہ سامارو شہر سے واپس گھر آرہے تھے کہ کار سونپور کے مقام پر مخالف سمت سے آنے والی وین سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں کیلاش، ان کی بھابھی، دو بھتیجے اورکارڈرائیورموقع پر دم توڑ گئے۔
لاشوں اور زخمی بچے کو سول اسپتال عمرکوٹ پہنچایا گیا، پولیس نے بتایا وین ڈرائیور فرارہوگیا تاہم گاڑی تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔