رمضان المبارک کا آخری عشرہ شروع ہو چکا ہے اور مسجد الحرام میں زائرین کی تعداد بڑھ گئی ہے جس کے بعد سعودی وزارت حج وعمرہ نے ہوٹلوں میں مقیم زائرین کے لیے نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی وزارت حج وعمرہ نے زائرین کو ہدایت کی ہے کہ مسجد الحرام میں عوام کے ہجوم کو کم کرنے کے لیے وہ اپنے ہوٹلوں کے مصلوں میں نماز یں پڑھیں۔
رپورٹ کے مطابق وزارت حج وعمرہ نے یہ ہدایت ان زائرین کے لیے جاری کی ہیں جو عمرہ و زیارت کر چکے اور مسجد الحرام میں نمازیں بھی ادا کر چکے ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ ایثار کا مظاہرہ کرتے ہوئے نئے زائرین کو موقع دیں۔
واضح رہے کہ مرکزی علاقے کے تمام ہوٹلوں میں مصلی ہے جو مسجد الحرام سے جڑا ہوا ہے۔ بھیڑ کے وقت ان مصلوں میں مسجد الحرام کے امام کی اقتدا میں نماز ادا کی جاتی ہے۔
اس سے قبل وزارت حج وعمرہ کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مسجد الحرام آنے والے زائرین ضوابط کا خاص خیال رکھیں تاکہ کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ زائرین حرم کو ہدایت کی گئی تھی کہ مکہ مکرمہ جانے سے قبل پرمٹ حاصل کرلیں۔
زائرین کو راہداریوں میں بیٹھنے سے گزیر کرنے، غیر ضروری سامان نہ لانے اور دوسروں کے لیے آسانی پیدا کرنے پیدا کرنے کی ہدایات بھی جاری کی تھیں۔
حرمین شریفین میں تعظیم بیت اللہ پروگرام کا آغاز
واضح رہے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں دنیا بھر سے لاکھوں کی تعداد میں زائرین عمرہ کے ساتھ مملکت کے مختلف شہروں کے مقیم افراد کی بڑی تعداد بھی مسجد الحرام پہنچ چکی ہے۔