تازہ ترین

عمرہ زائرین کی پرواز آج بھی روانہ نہ ہوسکی، مسافر رُل گئے

کراچی : اسلام آباد سے نجی ائیرلائن کے ذریعے جدہ روانہ ہونے والی پرواز کے 300 سے زائد عمرہ زائرین آج بھی کراچی ائیر پورٹ پر بے یارو مددگار پڑے ہیں۔

گزشتہ روز ٹیکنیکل خرابی کی وجہ سے کراچی لینڈنگ کرنے والا طیارہ 29گھنٹے بعد بھی جدہ روانہ نہ ہوسکا۔

اسلام آباد سے جدہ جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز کو آج صبح جدہ روانہ ہونا تھا، ڈی جی سی اے اے نے واقعے کا نوٹس لے لیا، ٹیکنیکل لینڈنگ کرنے والی پرواز گزشتہ روز سے کراچی ائیر پورٹ پر تاحال موجود ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافروں کی شکایت پر ڈی جی سی اے اے نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

ڈی جی سی اے اے نے متعلقہ حکام سے سوال کیا کہ گزشتہ روز نجی ایئرلائن کی پرواز نے کس وجہ سے لینڈنگ کی تھی؟

سی اے اے حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ پہلے ہمیں بتایا گیا تھا کہ طیارے میں پریشر کا مسئلہ ہوا جس پر پرواز کارخ واپس موڑا گیا، بعد ازاں کہا گیا کہ پریشر کا مسئلہ نہیں ہے طیارے کے انجن کو چیک کیا جارہا ہے۔ تاہم تحقیقات کی جارہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ڈی جی سی اے اے کو ڈپٹی ڈی جی ریگولیٹری نادر شفیع ڈار اور دیگر نے بریفنگ دی، اچانک تکنیکی خرابی آئی تو کپتان طیارےکو34ہزار فٹ اونچائی سے10ہزار تک نیچے لے آیا، ڈی جی سی اے اے نےمعاملے کی مکمل تحقیقات کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

ائیر پورٹ ذرائع کے مطابق نجی ائیر لائن کی پرواز ای آر 1801 نے گزشتہ دوپہر اسلام آباد سے جدہ کیلئے ٹیک آف کیا تھا، دوپہر ایک بج کر 42 منٹ پر اڑان بھرنے والی پرواز کو ہنگامی صورتحال پیدا ہونے پر 3 بج کر 42 منٹ پر کراچی اتار لیا گیا تھا۔

جدہ جانے والے عمرہ زائرین گزشتہ 29 گھنٹے سے زائد کراچی ائیر پورٹ پر بے یار و مددگار بیٹھے ہیں، مسافروں کے مطابق عمرہ زائرین کو ہوٹل منتقل کیا گیا اور نہ ہی جدہ پہنچانے کا کوئی انتظام کیا گیا ہے۔

Comments

- Advertisement -
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں