کراچی: صحرائے تھر میں غذائی قلت کا معاملہ اقوام متحدہ میں بھی گونج اٹھا، اقوام متحدہ کا وفد تھر کا دورہ کرنے کے لیے آج پاکستان پہنچے گا۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی انڈر سیکریٹری فوزلی ملامبونو صوبہ سندھ کے صحرا تھر کا دورہ کرنے کے لیے آج پاکستان پہنچ رہی ہیں۔ اقوام متحدہ کا وفد 5 دسمبر کو تھر کا دورہ کرے گا۔
اقوام متحدہ کی انڈر سیکریٹری تھر کے مختلف دیہاتوں کا دورہ کریں گی۔ مٹھی میں اقوام متحدہ کے تحت سماجی خدمات کا دائرہ بڑھانے کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ صحرائے تھر میں ماں و بچوں کی صحت کے لیے خصوصی پروگرام کا آغاز کرے گا۔ اقوام متحدہ محکمہ ترقی نسواں سندھ کے اشتراک سے پروگرام شروع کرے گا۔
منصوبے کے تحت تھر میں کم عمری کی شادی کے خلاف اور خواتین کی صحت کے لیے بھی پروگرام شروع کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ صحرائے تھر میں گزشتہ کافی عرصے سے غذائی قلت کے باعث ہزاروں بچے جاں بحق ہوچکے ہیں۔ مختلف اداروں اور حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کے باوجود صورتحال پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔