منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

سعودی عرب : غیرملکیوں کو حج پر لے جانے والے ملزمان گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

سعودی عرب : سیکیورٹی اہلکاروں نے اجازت نامے کے بغیر غیر ملکیوں کو غیر قانونی طریقے سے مکہ لے جانے کی کوشش کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

سعودی حکام نے حج سیزن کے قریب آتے ہی قوانین کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ حالیہ دنوں میں مکہ مکرمہ میں اجازت نامہ نہ رکھنے والے دو غیر ملکی افراد کو لانے کی کوشش پر گرفتار کیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کے روز سیکیورٹی اہلکاروں نے ایک بھارتی شہری کو گرفتار کیا جو ایمبولینس کے ذریعے تین رہائشی افراد اور ایک ویزہ قوانین کا خلاف ورزی کرنے والے شخص کو مکہ لے جا رہا تھا۔

اس کےعلاوہ جمعرات کو ایک مصری شہری کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ بس میں 22 ایسے افراد کو مکہ لا رہا تھا جن کے پاس حج کے اجازت نامے نہیں تھے۔ ان تمام افراد کو بھی قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کیا گیا۔

سعودی حکام نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ بغیر اجازت نامے کے حج کرنا یا ایسے افراد کو لانا سخت جرم ہے۔ یہ قوانین حج کے دوران نظم و ضبط، صحت و سلامتی اور سہولتوں کے بہتر انتظام کو یقینی بنانے کے لیے بنائے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ حج کے لیے پرمٹ کی شرط لازمی ہے جو بھی پرمٹ کے بغیر مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ میں داخل ہوگا یا وہاں قیام کرنے کی کوشش کرے گا وہ قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا جس پر 20 ہزار ریال کا جرمانہ مقرر ہے۔

سعودی عرب میں مکہ مکرمہ کی حدود سے قبل اس جانب آنے والے تمام راستوں پر قائم چیک پوسٹوں پر حج سیزن کے آّتے ہی سیکیورٹی اہلکار 24 گھنٹوں کیلیے تعینات کردیے جاتے ہیں جو کسی بھی صورت میں بغیر پرمٹ آنے والے افراد کو مکہ مکرمہ جانے نہیں دیتے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں